اب کسی کو مزید جھوٹے کیسز میں اندر رکھنا ممکن نہیں، وقاص اکرم

03 نومبر ، 2024

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’نیا پاکستان‘‘ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری اطلاعات تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ اب کسی کو مزید جھوٹے کیسز میں اندر رکھنا ممکن نہیں،تجزیہ کار حامد میر نے کہا کہ عمران خان کے خاندان کے لوگوں کی رہائی کو ڈیل کا نتیجہ حکومت اور ان کے اتحادی قرار دے رہے ہیں جبکہ دوسری طرف ایف آئی اے بشریٰ بی بی کی رہائی کو چیلنج کر رہی ہے اس کو ڈیل نہیں کہا جاسکتا،میزبان شہزاد اقبال نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈیل کی قیاس آرائیوں کو تحریک انصاف نے زائل کرنے کی کوشش کی ہے۔سیکریٹری اطلاعات تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ میں نہیں جانتا بیرسٹر سیف نے کیا کہا ہے لیکن اگر پالیسی شفٹ کا کہا گیا ہے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ انہوں نے تمام تر کوششیں کر لی ہیں تو شاید اب کوئی چارہ نہیں ہے اس وجہ سے اب کسی کو مزید جھوٹے کیسز میں اندر رکھنا ممکن نہیں ہے۔ جبکہ ہماری طرف سے کوئی پالیسی شفٹ نہیں ہے ہم بھرپور احتجاج میں تھے اور رہیں گے آج عمران خان سے ملاقات کے بعد علی امین سے گفتگو کی ہے، نو نومبر کو جلسہ رکھا گیا اور وہاں فیصلہ ہوگا کہ کس طریقے سے اور کب مارچ کرنا ہے اور قیادت سمیت تمام لوگ وہاں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں۔کسی صحافی سے عداوت نہیں ہے لیکن ہمیں یہ اطلاع ملی ہے کہ بہت سے صحافیوں سے حلف لیے گئے ہیں اس بات سے آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ پچھلے دنوں بھی عمران خان باتیں کرتے رہے لیکن میڈیا نے رپورٹ نہیں کیا۔