فتنہ پارٹی کا ملکی ترقی سے کوئی تعلق نہیں،مقصد افراتفری پھیلانا،عظمٰی بخاری

03 نومبر ، 2024

لاہور(خصوصی نمائندہ،خصو صی رپورٹر)وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والے اب اپنے امریکی آقاؤں کے آگے سجدہ ریز ہو چکے ہیں۔ تانگہ پارٹی کا نیا نعرہ " ہم ہی غلام ہیں" مارکیٹ میں آنے والا ہے۔ پی ٹی آئی نے فتنہ خان کی رہائی کےلئے ٹرمپ کے جیتنے پر نظریں جما لی ہیں۔ بانی پی ٹی آئی نو مئی کا مجرم ہے، اسکا ملٹری ٹرائل ہونا چاہیے۔ فتنہ پارٹی کا ملکی ترقی سے کوئی تعلق نہیں، ان کا مقصد افراتفری پھیلانا ہے۔ گنڈا پور کو یہ کہہ کر خوش کیا جا رہا ہے کہ بشری بی بی کی رہائی میں ان کا ہاتھ ہے۔یہ سیاسی گدھ کبھی نابینا افراد تو کبھی کسانوں کی آواز بننے کی ناکام کوشش کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی جی پی آر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مستونگ میں بچوں کی ہلاکت جیسے اندوہناک واقعے کی پنجاب حکومت بھرپور مذمت کرتی ہے۔ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا،ان کا کام افراتفری پھیلانا ہے۔ پی ٹی آئی دور میں جیلوں سے دہشت گردوں کو رہا کیا گیا، جنھوں نے بعد میں زمان پارک میں بچوں کو پیٹرول بمب بنانا سکھائے۔ آج وہی دہشت گرد معصوم بچوں کو قتل کررہے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ وزیر اعلٰی پنجاب انتھک محنت کر رہی ہیں۔