MD کیٹ کا پرچہ لیک ہونے کی تحقیقات، 96طلبا سائبر کرائم میں پیش

03 نومبر ، 2024

کراچی(جنگ نیوز) میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) کا پرچہ لیک ہونے کی تحقیقات کے دوران 96طلبا ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل میں پیش ہوگئے۔ذرائع کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل کی جانب سے ایم ڈی کیٹ کا پرچہ مبینہ طور پر لیک ہونے پر تفتیش کا سلسلہ جاری ہے جس میں ابتدائی طور پر 150 طلبا اور طالبات کو تفتیش کیلئے طلب کیا گیا تھا ۔ذرائع ایف آئی اے کے مطابق گز شتہ روز طلب کیے گئے 96 طلبا ایف آئی اے کے دفتر میں تفتیش کیلئے پیش ہوئے جس دوران تمام طلبا کے والدین کی موجودگی میں بیانات قلمبند کیے گئے۔ایف آئی اے ذرائع کا بتانا ہے کہ طلب کیے جانے والے 150 طلبا نےایم ڈی کیٹ میں 200 میں سے 190 نمبر حاصل کیے تھے۔