ایمریٹس نےپی آئی اے نجکاری میں دلچسپی نہیں لی، وزارت نجکاری

03 نومبر ، 2024

اسلام آباد(این این آئی)وزارت نجکاری نے سوشل میڈیا کے بعض حصوں میں ڈناٹا (ایمریٹس) کو قومی فضائی کمپنی (پی آئی اے) کی نجکاری میں حصہ لینے کا اہل ہونے کی اجازت نہ دینے سے متعلق پوسٹس کو گمراہ کن، بے بنیاد اور حقائق کے برعکس قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایمریٹس نے نجکاری میں دلچسپی پیش نہیں کی۔ وزارت نجکاری کی جانب سے جمعہ کو جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ چند سوشل میڈیا پوسٹس میں یہ تاثر دیا گیا ہے کہ ڈناٹا (ایمریٹس) کو قومی فضائی کمپنی (پی آئی اے) کی نجکاری میں حصہ لینے کے اہل ہونے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے، سوشل میڈیا میں گردش کرنے والی یہ اطلاعات گمراہ کن، بے بنیاد اور حقائق کے برعکس ہیں۔ وزارت کی جانب سے حقائق کو واضح کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ڈناٹا (ایمریٹس) نے پی آئی اے کی نجکاری میں اپنی دلچسپی پیش نہیں کی۔ جیریز انٹرنیشنل نے پرائیویٹائزیشن کمیشن کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر شائع ہونے والے اظہار دلچسپی کے تحت ایک فریق کے طور پر اپنی درخواست دی۔ کمپنی نے سالانہ آمدنی میں 200 ارب روپے کے پری کوالیفکیشن کے معیار کو پورا کرنے کے لیے اپنے ذیلی اداروں کی فہرست فراہم کی۔