ججز کی تعداد بہت پہلے بڑھا دی جانی چاہئے تھی، سینیٹر عبدالقادر

03 نومبر ، 2024

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ میں مقدمات کی سماعت کیلئے محض 17ججز تعینات ہیں، یہ تعداد ناکافی ہے۔ججز کی تعداد بہت پہلے بڑھا دی جانی چاہئے تھی ، ملک میں لوئر کورٹس سے لیکر سپریم کورٹ تک ججوں کی مطلوبہ تعداد تعینات نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو بروقت اور سستا انصاف فراہم کرنا آج تک ممکن نہیں ہو سکا۔ ججز کی تعیناتی کے حوالے سے اپنے بل سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ججز کی تعداد 1995ء والی چل رہی ہے جبکہ گزشتہ 29 سالوں میں جرائم اور مسائل کی نوعیت یکسر تبدیل ہوگئی ہے۔ بڑھتے ہوئے مقدمات کی سماعت کے لئے ججز کی تعداد میں بھی نمایاں اضافہ ہونا چاہئے۔ ججز کی تعداد 25 کرنے کا واحد مقصد انصاف کی فی الفور فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ ججز کی تعیناتی سے متعلق بل پر اپوزیشن جماعتوں کا اعتراض بلاجواز ہے کیونکہ جب تک ملک میں عوام کو انصاف کی فراہمی یقینی نہیں ہوگی ملک میں رول آف لاء ممکن نہیں ہو سکتا۔ امید ہے کہ قومی اسمبلی بھی جلد اس بل کو منظور کرلے گی۔