شیخوپورہ ، وین اورٹریکٹر ٹرالی میں تصادم، باپ بیٹا سمیت5 جاں بحق

03 نومبر ، 2024

شیخوپورہ (نمائندہ جنگ ) سچا سودا مانا والا روڈ پر باہڑ گاؤں کے قریب مسافر وین اور ٹریکٹر ٹرالی کے تصادم میں 5افراد جاں بحق اور 6 شدید زخمی ہو گئے ، ریسکیو اہلکاروں نے مسافر وین کی آہنی چادریں کاٹ کر زخمیوں کو باہر نکالا، جن میں بعض کی حالت نازک بیان کی گئی ہے، جاں بحق ہونے والوں میں 50 سالہ اکمل، 35 سالہ سخاوت، 3سالہ مناف زین، اسکا والد 25 سالہ زین اور 37 سالہ شہباز شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 60 سالہ زبیدہ بی بی ،50 سالہ اسلم ،30 سالہ افشاں، 35 سالہ مہوش ،25 سالہ یاسر اور شائستہ بی بی شامل ہیں، حادثہ کا شکار مسافر وین فیصل آباد سے فاروق آباد آرہی تھی جو تیز رفتاری کے باعث سامنے سے آنے والی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی، پولیس ترجمان کے مطابق تمام ہلاک شدگان اور زخمیوں کے لواحقین سے رابطہ کیا جا رہا ہے ، ٹرالی کو قبضہ میں لے لیا گیاجبکہ ڈرائیور فرار ہے۔