ملک میں صنعتوں کو فروغ دینےکیلئے انڈسٹریل زون شاندار آپشن،علیم خان

03 نومبر ، 2024

لاہور(خصوصی رپورٹر)ملک بھر میں صنعتی ترقی کے لئے مختص مراکز میں اب تک کی پیشرفت، درپیش مسائل اور اُن کے حل کے لئے وزیر اعظم کی طرف سے قائم کردہ فوکل گروپ کا اجلاس وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ، نجکاری اور مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں کراچی انڈسٹریل پارک کو ماڈل بنانے سمیت سپیشل اکنامک زونز کے لئے خصوصی مراعات کا جائزہ لیا گیا اور وزیر اعظم کی ہدایت پر چین کو آزمائشی بنیادوں پر ایک سپیشل اکنامک زون کے ترقیاتی امور سونپنے پر بھی غور ہوا۔ وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ ملک میں صنعتوں کو فروغ دینے کے لئے انڈسٹریل زون ایک شاندار" آپشن "ہے جس سے مکمل طور پر مستفید ہونا چاہیے تھا لیکن بد قسمتی سے گزشتہ کئی برسوں سے ملک بھر کے صنعتی زون مختلف مشکلات اور مسائل کا شکار ہیں جن سے نمٹنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے ہوں گے۔ وفاقی وزیر نے صنعتی زونز کے لئے خصوصی مراعات اور سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی اور فوکل گروپ کی طرف سے حتمی سفارشات کی تیاری کی منظوری دی تاکہ زیر التوا مسائل تیزی سے حل ہو سکیں۔فوکل گروپ کے اجلاس میں توانائی، صنعت اور سرمایہ کاری کے وفاقی سیکرٹری صاحبان اور دیگر سینئر افسران نے بھی شرکت کی اور بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کو صنعتی زونز کے حوالے سے آگاہ کیا۔ یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ فوکل گروپ کے آئندہ اجلاس میں فل ایجنڈا زیر بحث لایا جائے گا اور صنعتی زونز میں تیزی سے ترقیاتی امور یقینی بنانے کیلئے اہم فیصلوں کی منظوری دی جائے گی۔