حکومت سموگ خاتمے کیلئے پہلے دن سے ہی کام کر رہی ہے ، مریم اورنگزیب

04 نومبر ، 2024

لاہور(اے پی پی)سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سموگ سے بچنے کیلئے ہمیں اپنے رویوں کو بدلنا ہو گا، پنجاب حکومت پہلے دن سے ہی سموگ کے خاتمے کیلئے کام کر رہی ہے ،لاہور کے پرائمری سکولوں کو ایک ہفتے کیلئے بند کیا جا رہا ہے ،بھارتی ہوائوں کی وجہ سے لاہور میں فضائی آ لودگی میں اضافہ ہوا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا ۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ لاہور میں سموگ کی صورت حال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے ، شہر کے بارڈر کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈکس صبح کے وقت ایک ہزار سے تجاوز کر گیا ، عالمی ایئر کوالٹی انڈیکس میں 1194 نمبر سے لاہور پہلے نمبر آ گیا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں سموگ کی شدید صورت حال بھارت سے آنے والی ہوائوں کے نتیجے میں پیدا ہوئی اور شہر کے بہت سے علاقے متاثر ہو ئے ، ہوا کے بدلتے رخ کی وجہ سے بھی لاہور میں سموگ کی شدت اوربھارت میں فصلوں کی باقیات جلانے اور دھویں سے فضائی آ لودگی میں اضافہ ہوا، سموگ کے خاتمے کے لئے بارڈر کے دونوں اطراف اقدامات کی ضرورت ہے ۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر متعلقہ ڈیپارٹمنٹ نے 8 ماہ سموگ پر کام کیا ،جس کے نتیجہ میں 550 سے زائد بھٹوں کو مسمار کیا گیا ،آلودگی کا باعث بننے والی فیکٹریوں اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو بند کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اب تک ایک ہزار سپر سیڈرز کسانوں میں بانٹے جا چکے ہیں ،ای بائیکس پراجیکٹ کا آغاز کیا گیا اور ہر قسم کے پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی لگائی گئی ، وزیر اعلیٰ صورت حال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں ،سموگ سے بچائو کے حکومتی پلان پر سختی سے عمل در آ مد کرایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر پورے پنجاب میں تجاوزات کے خلاف کارروائیاں جا ری ہیں ،ایل ڈی اے کا شعبہ انکروچمنٹ روزانہ کی بنیاد پر شہر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کر رہا ہے ، شملہ پہاڑی سے ایک کلومیٹر تک گرین ونگ کے اندر چلنے والی چنگ چی کو بند کر دیا گیا ہے جبکہ تعمیراتی کام کے دوران حفاظتی اقدامات نظر انداز کرنے والوں کی کنسٹرکشن سائٹ کو سیل کر دیا جا ئے گا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے سموگ پر قابو پانے کیلئے تمام متعلقہ اداروں کو اہداف دیئے ،ماحولیاتی تحفظ کے ادارے میں قائمʼʼ وار رومʼʼ24 گھنٹے جنگی بنیادوں پر کام کر رہا ہے ۔