سر کیئر چھوٹی کشتیوں کے چینل عبور کرنے کو قومی سلامتی کا مسئلہ قرار دیں گے

04 نومبر ، 2024

لندن (پی اے) وزیراعظم چھوٹی کشتیوں کو قومی سلامتی کا مسئلہ قرار دیں گے۔ رپورٹ کے مطابق وزیراعظم لوگوں کی سمگلنگ کو قومی سلامتی کا مسئلہ قرار دیں گے کیونکہ حکومت چھوٹی کشتیوں کو انگلش چینل عبور کرنے سے روکنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ سن آن سنڈے نےخبر دی ہے کہ سر کیئر اسٹارمر سے توقع ہے کہ وہ اگلے ہفتے انٹرپول کی جنرل اسمبلی میں ایک تقریر میں ایک ماہر تحقیقاتی یونٹ کے قیام کا اعلان کریں گے جو انسداد دہشت گردی کے اختیارات کو لوگوں کے اسمگلروں سے نمٹنے کے لئے استعمال کرے گا۔ اس کے بعد ان کے اتحادیوں کے ساتھ اس معاملے پر بات چیت کے لئے یورپ جانے کی توقع ہے۔ یورپی سیاسی برادری کا اگلا سربراہی اجلاس جمعرات کو ہوگا۔ سر کیئر نے سن کو بتایا کہ برطانیہ دنیا بھر میں اپنے اتحاد دوبارہ قئم کر رہا ہے تاکہ ہم ان گروہوں کو ختم کر سکیں جو انسانی مصائب کا کاروبار کرتے ہیں۔ مزید کوئی چال بازی یا پیسہ ضائع نہیں کرنا چاہئے، ان گروہوں کو روکنا چاہئے، ہمارے سیاسی پناہ کے نظام کو قابو میں لایا جانا چاہئے تاکہ ہماری سرحدیں محفوظ ہوں۔ نمبر 10 کے ایک ذریعے نے اخبار کو بتایا کہ حکومت نہ صرف اس مسئلے سے نمٹنے کے لئے فنڈز میں اضافہ کر رہی ہے بلکہ یورپی رہنماؤں کے ساتھ بات چیت کے ایجنڈے میں شامل کر رہی ہے۔ اکتوبر میں 5,000 سے زیادہ لوگوں نے چینل کراس کیا، جو اس سال کا مصروف ترین مہینہ تھا۔ اس سال چھوٹی کشتیوں میں چینل عبور کرنے والوں کی کل تعداد اب 30906 ہے، جو پچھلے سال (26699) کے مقابلے میں 15.8فیصد زیادہ ہے لیکن 2023 میں اسی مقام پر 22.6فیصد کم ہے۔