ایرانی سپریم لیڈر نے فورسز کو اسرائیل پر حملے کی تیاری کا حکم دے دیا

04 نومبر ، 2024

تہران/غزہ(ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے فورسز کو اسرائیل پر حملے کی تیاری کا حکم دے دیا۔ایران کے سپریم لیڈر آیت خامنہ ای نے تہران میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کیخلاف اقدامات پر اسرائیل اور امریکا کو سخت جواب ملے گا، اسرائیل کو اس کے اقدامات کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔دوسری جانب امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران 5 نومبر کو اسرائیل پر حملہ کر سکتا ہے۔ادھر امریکا نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے دوبارہ حملہ کیا تو اسرائیل کو جوابی کارروائی سے نہیں روک سکیں گے۔غزہ میں حماس کے ساتھ دوبدو جھڑپ میں اسرائیلی فوج کے 2 اہلکار موقع پر ہی ہلاک اور تیسرا شدید زخمی ہوگیا تھا جو دوران علاج دم توڑ گیا ۔ اسرائیلی اخبار کے مطابق فوجی ترجمان کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ملٹری اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑنے والا اہلکار 20 سالہ شہنیئور زلمان تھا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والا اہلکار مغربی کنارے میں یہودی آبادکار کے طور پر رہائش پذیر تھا اور لازمی فوجی تربیت کے پروگرام کے تحت بھرتی کیا گیا تھا۔اسرائیلی فوج نے دعوی کیا ہے کہ مذکورہ اہلکار حماس کے ساتھ جھڑپ میں نہیں بلکہ حادثاتی طور پر ایک ہینڈ گرنیڈ کے پھٹنے سے زخمی ہوا تھا۔اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب میں سینکڑوں کی تعداد میں شہریوں نے حکومت کی امن معاہدہ طے پانے اور یرغمالیوں کی رہائی میں ناکامی پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج کیا۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق احتجاج میں شامل مظاہرین نے بینر اٹھا رکھے تھے جن پر ابھی ڈیل کریں، جنگ بند کریں اور ہم یرغمالیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے کے نعرے درج تھے۔