آج انتظار پنجوتھا اغوا ہوا، کل آپ اور پرسوں میں بھی ہونگا، سلمان اکرم راجا

04 نومبر ، 2024

اسلام آباد(آئی این پی )پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ انتظار حسین پنجوتھاایڈووکیٹ عمران خان کی قانونی ٹیم کے کلیدی رکن ہیں،آج انتظار پنجوتھا اغوا ہوا ، کل آپ اور پرسوں میں بھی ہوں گا،اغوا کار کون ہے یہ میں بھی جانتا ہوں اور آپ بھی،کیا اس پاکستان کیلئے جدوجہد کی گئی تھی؟ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آج ہمارے سامنے ایک وحشت زدہ چہرہ ہے، ایک ایسے شخص کا چہرہ ہے جس نے عمران خان کا ساتھ دیا، جو قانون کا طالب علم ہے قانون دان ہے، اس کے ساتھ جو کچھ ہوا جو زخم اس کو پہنچائے گئے یہ سب زخم ہماری شرافت پر لگائے گئے ہیں، یہ زخم ہمارے قانون کے تصور پر لگائے گئے ہیں، انسانیت کے تصور پر لگائے گئے ہیں، ایک جھوٹے انکانٹر کے ذریعے کہا گیا کہ ہم نے ان کو بازیاب کیا ہے مغوی سے تاوان مانگا گیا۔انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ ان کے خاندان سے ان چار ہفتوں کے دوران کسی نے ایک روپیہ بھی بطور تاوان نہیں مانگا، یہ سب جھوٹ پر مبنی ایک کہانی ہے، اصل اغوا کار کون ہیں یہ آپ اور میں جانتے ہیں، اب ہم نے یہ فیصلہ کرنا ہے کہ کیا ہم نے ایسے ہی زندگیاں گزارنی ہیں؟ کل آپ اغوا ہوں گے اس سے اگلے دن میں اغوا ہوجاں گا، اس کے بعد اسی بے چارگی کی حالت میں ہمیں ڈھونڈا جائے گا، ہمیں پیش کیا جائے گا، ہماری ویڈیو بنائی جائے گی، ہمیں تمام دنیا کے سامنے ایک عبرت کا نشان بنا کر پیش کیا جائے گا۔