غزہ، لبنان، رہائشی عمارتوں پر بمباری، درجنوں شہید، اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی بند کی جائے، ترکیہ

04 نومبر ، 2024

غزہ ، بیروت (اے ایف پی ، نیوز ڈیسک) غزہ اور لبنان میں اسرائیلی طیاروں کی رہائشی عمارتوں اور عوامی مقامات پر بمباری کے نتیجے میں درجنوں افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے، غز ہ کے جنوبی علاقے خان یونس میں ایک رہائشی مکان پر بمباری سے ایک ہی خاندان کے 7افراد شہید ہوگئے، ترکیہ نے اسرائیل کو ہتھیاروں کی فروخت پر پابندی کا مطالبہ کردیا ہے،ترک وزیر خارجہ حاقان فدان نے بتایا کہ ترکیہ سمیت 52ممالک اور دو عالمی تنظیموں نے ایک خط میں اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ تمام ممالک اسرائیل کو اسلحہ وگولہ بارود کی فروخت پر پابندی لگائے، اس خط پر دستخط کنندگان میں سعودی عرب، برازیل، الجزائر، چین، ایران اور روس کیساتھ ساتھ عرب لیگ اور اسلامی تعاون تنظیم شامل ہیں، حزب اللہ نے اسرائیل پر 100سے زائد راکٹ داغے ہیں، لبنانی مزاحمتی تنظیم کا کہنا ہے کہ انہوں نے اسرائیل میں فوجی سازوسامان بنانے والی انڈسٹریز کے اڈے (زیولون ملٹری انڈسٹری بیس) پر میزائلوں کی بارش کی ہے ۔ اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نے بتایا ہے کہ صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو نے اتوار کے روز لبنانی سرحد کے قریبی علاقے کا دورہ کیا ہے، اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں الخلیل کے قریب 14سالہ بچے کو گولی مار کر شہید کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق غزہ میں اسرائیلی طیاروں کی بمباری میں 35فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے،طبی حکام کے مطابق جنوبی غزہ میں تقریباً 20اورشمالی غزہ 13افراد شہید ہوئے،اسی طرح لبنان کے مختلف علاقوں میں بھی اسرائیلی بمباری میں متعدد افراد شہید اور زخمی ہوئے ہیں ۔ اسرائیلی افواج نے ایک بار پھر تاریخی شہر بعلبک پر خوفناک بمباری کی ہے ، بمباری سے قبل صیہونی فوج نے شہریوں کو دھمکی دی کہ وہ علاقہ خالی کردیں ۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق اسرائیلی فورسز نے غزہ میں پولیو مرکز پر گرینیڈ سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 4 بچوں سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسیف) نے اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق اسرائیلی حملوں کے باعث غزہ کے متعدد علاقوں میں پولیو ورکر کی رسائی ممکن نہیں ہے۔ یونیسیف کے مطابق 48 گھنٹوں کے دوران غزہ پر اسرائیلی حملوں میں 50سے زائد بچے شہید ہوچکے ہیں۔