وزیراعلیٰ کا زیرتعمیر PIC-2کا دورہ ، جلد فنکشنل کرنے کا حکم ، کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ ون میں مریضوں کا رش کم ہوگا ، مریم نواز

04 نومبر ، 2024

لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نےلاہور کینال کے قریب زیرتعمیر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ٹو(پی آئی سی2) کا دورہ کیا اور منصوبے کو جلد فنکشنل کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ پی آئی سی ٹو بننے سے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ون میں مریضوں کا رش کم ہوگا،ہرضلع میں کارڈیالوجی کی مکمل سہولتوں کی فراہمی پلان پر عمل شروع ہو چکا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ مریم نوازکے کل منگل کو لندن روانگی کا امکان ہے۔ وزیراعلیٰ نے اتوار کو زیرتعمیر پی آئی سی ٹو ہسپتال کادورہ کیا، مختلف شعبوں میں جاری تعمیراتی سرگرمیاں دیکھیں، تعمیراتی مٹیریل اور دیگر امور کا جائزہ لیا۔وزیر اعلیٰ مریم نوازنے دورہ کے دوران پی آئی سی ٹو کو جلد فنکشنل کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی سی ٹو بننے سے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر مریضوں کا رش کم ہوگا، ہرضلع میں کارڈیالوجی کی مکمل سہولتوں کی فراہمی کے پلان پر عملدرآمد شروع ہو چکا ہے۔چلڈرن ہارٹ سرجری کیلئے کارڈ سسٹم متعارف کرانے سے سینکڑوں بچوں کے آپریشن آسانی سے ہوچکے ہیں۔ پنجاب انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سی ای او شاہ میر اقبال نےوزیراعلیٰ کو تفصیلی بریفنگ دی۔ مریم نوازنے شاہ میر اقبال کوشاباش دی اور ڈیزائن کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے پی آئی سی ٹو پراجیکٹ کیلئے درکار مشینری کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم دیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ٹو پراجیکٹ 250بیڈز پر مشتمل ہوگا۔ پی آئی سی ٹو میں جدید ترین ہائبرڈ آپریشن تھیٹر بھی بنائے جائیں گے، پی آئی سی ٹو میں ایمرجنسی، سرجیکل اورمیڈیکل آئی سی یوبھی بنیں گے۔ پی آئی سی ٹو کے گرے سٹرکچر کا تقریبا 90فیصد سے زائد کام مکمل ہوچکاہے۔وزیر اعلیٰ مریم نواز لندن اپنے علاج کیلئے جارہی ہیں جہاںوہ اپنے ذاتی معالج سے علاج کروائیں گی۔پارٹی ذرائع کے مطابق مریم نواز کافی عرصہ سے گلے میں انفیکشن کا شکار ہیں۔ انفیکشن کے باعث ڈاکٹرز کی ہدایت پر آپریشن کا بھی امکان ہے، وزیر اعلیٰ مریم نواز کا دورہ لندن ایک ہفتہ پر محیط ہوگا۔مریم نواز شریف وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی بار بیرون ملک روانہ ہوں گی ۔نواز شریف اور مریم نواز شریف کا لندن سے اکٹھے وطن واپس آنے کا امکان ہے ۔