2سال میں 10لاکھ طلبہ کو مفت ITکورسز کرائینگے:حافظ نعیم

04 نومبر ، 2024

کراچی(پ ر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ آئندہ 2 سال میں 10 لاکھ نوجوانوں کو مفت آئی ٹی کورسز کرائیں گے۔ کراچی میں بنو قابل ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ 4.0 میں شریک ہزاروں طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ تعلیم حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن اربوں روپے کے بجٹ کے باوجود حکومت نوجوانوں کی تعلیم کیلئےاپنی ذمہ داری پوری نہیں کر رہی، متوسط اور غریب گھرانوں کے لیے تعلیم کا حصول مشکل تر ہوتا جا رہا ہے۔سات نومبر کو لاہور میں نوجوانوں کی تعلیم کے حوالے سے ایک بڑا پروگرام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ 25 کروڑ عوام کو حکمرانوں نے اپنے ظلم و جبر سے یرغمال بنایا اور ملک کی دولت پر قبضہ کیا ہوا ہے، ملک اور قومی وسائل پر قابض حکمرانوں سے نجات اور قبضہ مافیا سے جان چھڑانے کے لیے نوجوان جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ گزشتہ سال کے دوران بنو قابل پروجیکٹ کے ذریعے 50 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات کو مفت آئی ٹی کورسز کروا چکے ہیں، جو طلبہ ڈگری کورس کرنا چاہتے ہیں ان کو مفت ڈگری کورس بھی کروائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ بنو قابل 4.0 میں مزید 50 ہزار نوجوانوں کو مفت آئی ٹی کورسز کروائیں گے، کراچی کے بعد ملک کے دیگر شہروں میں بھی اسٹیٹ آف دی آرٹ آفسز بنانے جا رہے ہیں۔ٹیسٹ کے شرکاء سے ایک گھنٹے کا تحریری امتحان لیا گیا جس میں کامیاب ہونے والے طلبہ و طالبات کو الخدمت کے تحت ویب ڈیولپنگ، ویب ڈیزائننگ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ایمازون سمیت مختلف آئی ٹی کورسز مفت کرائے جائیں گے۔