اسرائیل اور امریکا کو سخت جواب ملے گا، ایرانی سپریم لیڈر

04 نومبر ، 2024

تہران (اے ایف پی، جنگ نیوز ) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے ایرانی فوجی اہداف پر کئے گئے حالیہ فضائی حملے کا ’’منہ توڑ جواب‘‘ دیا جائے گا۔خامنہ ای نے ایرانی طلباء کی طرف سے امریکی سفارتخانے پر قبضے اور وہاں امریکیوں کو یرغمال بنائے جانے کی 45 ویں برسی کے موقع پر تہران میں طلباء سے گفتگو کی۔خامنہ ای نے اسرائیل پر ایک اور جوابی حملے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ "دشمن چاہے اسرائیل ہو یا امریکہ، جان لیں کہ وہ ایران کے خلاف جو کچھ کر رہے ہیں اس کا اُنہیں منہ توڑ جواب ضرور ملے گا"۔امریکی ذرائع ابلاغ نے خبر دی ہے کہ ہو سکتا ہے کہ ایران آنے والے دنوں میں اسرائیل پر حملے کی تیاری کر رہا ہو۔ خامنہ ای نے ممکنہ حملے کے وقت یا طریقۂ کار کی وضاحت نہیں کی۔