دینی جماعتوں نے اپنا مقصد نامکمل چھوڑا ہوا ہے، حامد حقانی

04 نومبر ، 2024

اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے )جمعیت علماء اسلام پاکستان (س) کے مرکزی امیر اور جامعہ حقانیہ کے نائب مہتمم مولانا حامد الحق حقانی نے کہا ہے کہ اس وقت دینی سیاست کے حوالے سے مذہبی اور دینی جماعتوں نے اپنا مقصد نامکمل چھوڑا ہوا ہے،ان ملکی و قومی مذہبی سیاسی جماعتوں کا اصل مقصد پاکستان میں اسلامی شریعت کے نظام کا نفاذ ہونا چاہیے اوراس کے لئے رات دن جدوجہد او رتحریک اٹھانے کا عزم کرنا چاہیے،جمعیت علمائے اسلام (س)جلد اے پی سی کانفرنس بلائیگی ،پاکستانی عوام اور دینی ،مذہبی ،سیاسی کارکنوں کو چاہیے کہ وہ اپنے اپنے دائرہ کار میں رہ کر اس نیک مقصد کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کریں ،مولانا حامد الحق حقانی نے جمعیت کے سربراہ مولانا سمیع الحق شہید کو خراج عقیدت پیش کیا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علمائے اسلام کی مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا ۔انہوں نے کہاکہ ملک و قوم مل کر دینی مدارس کو مزید مضبوط بنائیں اسی سے ہمارا ملک قائم و دائم و مستحکم ہوگا، اسلامی اقدار پھلے پھولیں گی ،ملک میں بدامنی ختم ہوگی ،انہوں نے کہا کہ باہمی جھگڑوں اور اختلافات ،الزام تراشیوں سے ملک پاکستان کمزور ہوگا ،حکومتیں اور سیاستدان، ادارے متنازع بنتے جائیں گے ،اس وقت پاکستان کو ایک بڑے دینی اور قومی اتحاد واتفاق کی ضررت ہے ،حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ تمام تر توجہ عوام کے روز مرہ مسائل پر دیں اور بیرونی دباؤ سے نکل کر ملک کومسائل کی دلدل سے نکالنے کی جدوجہد کریں، انہوں نے فلسطین و غزہ پر آئے دن اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی اور عالم اسلام اوردنیا بھر کی عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ ومسجد اقصیٰ کی آزادی کے لئے آواز اٹھائیں اور یہ ظلم بند کروائیں،ختم نبوت کا تحفظ بھی پاکستانی حکومت اور عوام کا فریضہ بنتا ہے کہ ختم نبوت کے نظریے کی چوکیداری اور حفاظت کی جائے۔