ملکی استحکام کیلئے سب کو ایک میز پر بیٹھنا ہوگا ، پنجاب بار

04 نومبر ، 2024

لاہور( نمائندہ جنگ) پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین چودھری بابر وحید نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی کیلئے سیاسی استحکام نا گزیر ہے جس کے لئے سب کو اپنی اناء کو پس پشت ڈال کر ایک میز پر بیٹھنا ہوگا ، بند گلی میں داخل ہونے کی بجائے مسائل کا حل تلاش کر کے آگے بڑھا جائے اور یہی جمہوریت کی کامیابی ہے ، اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم پر امید ہیں کہ 26ویں آئینی ترمیم کے بعد ملک درست سمت میں چلے گا ، سائلین جو سالہا سال سے انصاف کے حصول کے لئے در بدر تھے انہیں اب جلد انصاف ملنا چاہیے ،حکومت ایسی اصلاحات کرے جس سے عوام کو سستا اور فوری انصاف مہیا ہو اس کیلئے حکومت کے ساتھ ہر طرح کا تعاون کرنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ مہینوںمیں وکلاء کے خلاف جس رفتار سے ناجائز اور بے بنیاد مقدمات کا اندراج کیا گیا ہے اس سے وکلاء برادری میں سخت تشویش پائی جاتی ہے ، ہم ذمہ داران کو متنبہ کرتے ہیں کہ نا انصافی نہ کریں بصورت دیگر ہم اپنے حقوق کے لئے سخت احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے ،سیاسی جماعتوں سے اپیل ہے کہ وہ ایک دوسرے کو سپیس دیں تاکہ ملک میں سیاسی استحکام کی فضاء بنے اور ملک کے معاشی حالات بہتر ہوں ۔