ٹرمپ نے میدان مارلیا، دوسری بار صدر منتخب، 4پانسہ پلٹ ریاستوں شمالی کیرولائنا،پینسلوینیا ،جارجیا اور وسکانس کا جیت میں اہم کردار، جنگوں کو ختم ،امریکا کو دوبارہ عظیم بنائیں گے، حامیوں سے فاتحانہ خطاب

07 نومبر ، 2024

واشنگٹن، فلویڈا(جنگ نیوز، ایجنسیاں) امریکی صدر کے انتخاب کیلئے تمام50ریاستوں میں ہونے والی پولنگ کے نتائج کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابی معرکہ جیت لیا ہے اور وہ امریکا کے47ویں صدر بن گئے ہیں۔امریکی صدارتی انتخاب میں538میں سے اب تک ڈونلڈ ٹرمپ نے 279اور کملا ہیرس نے 223 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے ہیں۔ری پبلکن پارٹی کو 51 سیٹوں کیساتھ سینیٹ میں اکثریت حاصل، ایوان نمائندگان میں بھی ری پبلکن کی191نشستوں کے ساتھ برتری، ڈیموکریٹس169نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔میڈیا اطلاعات کے مطابق صدارتی انتخاب میں جیت کے لیے 538 میں سے کم از کم 270 الیکٹورل ووٹ درکار تھے جب کہ 7 پانسہ پلٹ ریاستیں ایریزونا، جارجیا، مشی گن، نیواڈا، شمالی کیرولائنا، پینسلوینیا اور اور وسکانس کو کسی بھی امیدوار کی جیت کے لیے انتہائی اہم سمجھا جارہا تھا۔7 پانسہ پلٹ ریاستوں میں سے 4 میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کامیابی حاصل کی، جن میں شمالی کیرولائنا، پینسلوینیا، جارجیا اور وسکانس شامل ہیں۔امریکا کی 50 میں سے 27 ریاستوں میں ڈونلڈ ٹرمپ کامیاب ہو گئے ہیں جبکہ 19 میں کملا ہیرس کو کامیابی ملی ہے۔اب تک کے نتائج کے مطابق ایوان نمائندگان میں ری پبلکن 191 اور ڈیموکریٹس 169 نشستوں پر کامیاب ہو چکے ہیں۔ امریکا میں ہونے والے صدارتی الیکشن میں امریکی کانگریس کے ایوان بالا یعنی سینیٹ میں ری پبلکنز نے اکثریت حاصل کر لی۔امریکی صدارتی الیکشن میں ری پبلکنز نے 100 رکنی ایوان میں 51 نشستوں کے ساتھ برتری حاصل کر لی ہے جبکہ 43 نشستوں پر ڈیموکریٹ نے کامیابی حاصل کی ہے۔صدارتی انتخابات میں کامیابی پر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی تقریر میں نئی جنگیں شروع کرنے کے بجائے جاری جنگیں ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ صدارتی الیکشن میں کامیابی کے بعد فلوریڈا میں وکٹری اسپیچ کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ آج ہم نے تاریخ رقم کی ہے، امریکا نئی بلندیوں پر پہنچے گا اور ملک کے تمام معاملات اب ٹھیک کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ایسی کامیابی امریکی عوام نےپہلے کبھی نہیں دیکھی، ایسی سیاسی جیت اس سے پہلے کبھی بھی نہیں دیکھی گئی۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا کو محفوظ،مضبوط اور خوشحال بناؤں گا،امریکا کو دوبارہ عظیم بنائیں گے، امریکا میں سنہری دور کا آغاز ہونے والا ہے۔ باقی کی سوئنگ اسٹیٹ میں جیت کر315 الیکٹورل ووٹ حاصل کریں گے، حامیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں،آپ کے ووٹ کے بغیر کامیابی ممکن نہیں تھی۔ٹرمپ نے کہا کہ میں کوئی نئی جنگ شروع نہیں کرونگا بلکہ جنگوں کو ختم کرونگا۔