شمالی غزہ میں اسرائیلی فضائی حملہ،20 فلسطینی شہید

07 نومبر ، 2024

غزہ،نیو یارک(این این آئی)شمالی غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم20فلسطینی شہید ہو گئے جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق غزہ کی وزارت صحت کی ایمرجنسی سروس کی جانب سے فراہم کردہ فہرست میں بتایاگیا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم20فلسطینی شہید ہو گئے، اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہونے والوں میں8خواتین اور6بچے شامل ہیں۔ ادھر مقبوضہ فلسطینی علاقے کیلئے اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے حوالے سے رابطہ کار مہند ہادی نے اسرائیل کے تازہ ترین فوجی حملوں کے بعد علاقے کے اپنے پہلے دورے کے دوران غزہ میں جنگ بندی کی اپیل کی ہے۔ غزہ شہر کے الممونیہ سکول میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ غزہ میں لوگوں کیلئے کوئی بھی جگہ محفوظ نہیں ، موجودہ حالات میں لوگوں کا وہاں رہنا ناقابل تصور ہے ۔ انہوںنے کہا کہ انروا کے ایک سکول میں 1500سے زائد لوگ پناہ لئے ہوئے ہیں ، باتھ روم تک رسائی نہیں ، کھانے پینے کی اشیا کی قلت ہے۔ دوسری طرف فلسطینی پناہ گزینوں کیلئے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے کے سربراہ فلپ لازارینی نے کہا ہے کہ اسرائیل نے اکتوبر میں غزہ میں داخل ہونے والے امدادی ٹرکوں کی تعداد گھٹا کر صرف 30ٹرک یومیہ کر دی ہے،فلسطینی بھوک، بیماری اور مایوس کن حالات سے دوچار اور یہ امداد ان کی ضروریات پوری کرنے کیلئے بالکل ناکافی ہے ۔