گلگت بلتستان میں 100 میگا واٹ شمسی توانائی کا منصوبہ لگے گا، شہباز شریف

07 نومبر ، 2024

گلگت ( جنگ نیوز،نیوز ایجنسی ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے عوام کی ترقی و خوشحالی اور فلاح و بہبود کیلئے سرگرم عمل ہے، گلگت بلتستان میں100میگا واٹ کا شمسی توانائی کا منصوبہ لگے گا، جس سے بجلی کی دستیابی میں بہتری آئے گی، شمسی توانائی منصوبہ ایک سال کے اندر مکمل ہو جائے گا، گلگت بلتستان کی2یونیورسٹی کےلیے 50، 50کروڑ روپے مختص کیے ہیں، غذر کے بوبر گاؤں میں2022کےسیلاب متاثرین کیلئے تعمیر شدہ گھروں کی افتتاحی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے ہنرمند نوجوان افرادی قوت کا اہم حصہ ہیں، قدرتی آفت سے پورے گاؤں کا نشان مٹ گیا تھا، اگست 2022 میں جب وہاں دورہ کیا تو سکتہ طاری ہوگیا ،وہ دن تاریخ کا افسوسناک دن تھا، دورے کے دوران اس گاؤں کی تعمیر کیلئے احکامات دیے تھے، آج نئی بستی کی تعمیر سے یہاں پر خوشی کا سماں ہے، معیاری گھروں کی تعمیر لائق تحسین ہے،متاثرین میں گھروں کے ملکیتی کاغذات تقسیم کر کے خوشی ہوئی ہے،انہوں نے کہا کہ قندیل کیلئے انڈومنٹ فنڈ 67 لاکھ پر پہنچ گیا ہے، ماڈل ولیج میں اسکول، معیاری ڈسپنسری کی تعمیر شروع کی جائے. ڈسپنسری میں سہولیات ہنگامی بنیادوں پر فراہم کی جائیں، وزیر اعظم شہباز شریف کا گلگت بلتستان کے ایک روزہ دورے کے دوران سیکرٹریٹ آمد پر روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے پھول پیش کیے، ان کے اعزاز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، وزیراعظم نے چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں یادگار شہداء پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی،اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں امن کے قیام اور لوگوں کے جان و مال کی حفاظت کیلئے گلگت بلتستان سکاؤٹس کے نڈرجوانوں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔وزیراعظم کی گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان سے علیٰحدہ علیٰحدہ ملاقات ہوئی جس میں گلگت بلتستان کے امور کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔