خیبر پختونخوا حکومت بلاسود احساس قرضہ فراہم کرے گی، ابتدائی طور پر ایک ارب مختص

07 نومبر ، 2024

پشاور(نمائندہ جنگ)خیبرپختونخوا حکومت نے ایک اور انقلابی اقدام اٹھاتے ہوئے سود سے پاک احساس قرضہ سکیم شروع کرنے کیلئے اقدامات مکمل کر لئے ہیں ،سود سے پاک احساس قرضہ پروگرام سکیم کے حوالے سے اہم اجلاس مشیر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا برائے خزانہ و مالی امور مزمل اسلم کی زیر صدارت منعقد ہوا،اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ سود سے پاک احساس قرضہ سکیم کے تحت پانچ سال تک کے لئے قرضے فراہم کئے جائیں گے، سود سے پاک یہ قرضے چھوٹے کاروبار اور گھر بنانے کے لئے دیئے جائیں گے، مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا کہ احساس قرضہ سکیم سے کاروبار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے جبکہ عوام کو با روزگار بنا کر ہی غربت کا خاتمہ ممکن بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ احساس قرضہ سکیم فراہمی میں اخوت تنظیم کی معاونت حاصل کر رہے ہیں، پہلے مرحلے میں ایک ارب روپے کا سود سے پاک قرضہ سکیم شروع کر رہے ہیں۔سود سے پاک احساس قرضہ سکیم کے تحت پہلے سال کے لیے 5 لاکھ روپے تک کا قرضہ دیا جائے گا، مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہاکہ تمام سٹیک ہولڈرز احساس قرضہ سکیم کے لیے اپنے مفاہمتی یادداشت رواں مہینے تک مکمل کرلیں کیونکہ احساس قرضہ سکیم پورے پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا اور بہترین منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سود فری احساس قرضہ سکیم 2022 میں شروع کی گئی قرضہ سکیم کا ایک تسلسل ہے۔