اسلام آباد میں چڑھائی نہیں، احتجاج کیلئے جا رہے ہیں،بیرسٹر سیف

07 نومبر ، 2024

پشاور(این این آئی)مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہاکہ اسلام آباد میں چڑھائی نہیں کر رہے بلکہ احتجاج کیلئے جا رہے ہیں۔پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ26ویں آئینی ترامیم کا حال دیکھ لیا ہے، ہم جعلی فارم 45پر نہیں آئے جس سے حکومت جانے کا ڈر رہتا ہے۔انہوں نے کہاکہ کے پی اپنے پیروں پر کھڑا ہے، وفاق نے کسی مد میں پیسے نہیں دئیے، وفاق سے فنڈز نہ ملنے کے باوجود بھی صوبہ چلا رہے ہیں، ہمارا صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔بیرسٹر محمد علی سیف نے کہاکہ عوام کا اعتماد ہم پر رہے گا تو ہم کامیابی کی طرف گامزن ہوں گے، صوبے میں مسائل ہیں، یہ خطہ 40برسوں سے جنگ کی زد میں ہے، ہم دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے اقدامات تو کر رہے ہیں لیکن ہم حالتِ جنگ میں ہیں۔پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ناصرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی لیڈر ہیں۔انہوںنے کہاکہ وفاق کی معیشت کے مثبت اشارے ورلڈ بینک کے اشارے ہیں، پنجاب حکومت میں بھی لوگ احتجاج کرتے ہیں، یہ انتظامی مسائل ہیں۔