عالمی منڈی میں سونے اور خام تیل کی قیمتوں میں کمی

07 نومبر ، 2024

لندن (اے ایف پی، جنگ نیوز) امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کے بعد عالمی منڈی میں سونے اور خام تیل کی قیمت کم ہوئی ہے، امریکا کی اسٹاک مارکیٹوں میں اضافے کا رحجان رہا جبکہ دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹوں میں کہیں کمی اور کہیں اضافہ دیکھنے میں آیا۔وال اسٹریٹ جنرل نے ماضی کے تمام ریکارڈز توڑ دیئے ، ڈالر کی قدر میں بھی ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا ،ڈیجیٹل کرنسی بٹ کوائن کی قدربھی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق عالمی منڈی میں سونے کا بھاؤ 18 ڈالرز کم ہو کر 2731 ڈالرز فی اونس ہو گیا۔ امریکی خام تیل کی فی بیرل قیمت 1.78 ڈالرز کم ہوکر 70.70 ڈالرز ہوگئی جبکہ برینٹ کروڈ کی قیمت میں بھی 1.78ڈالر فی بیرل کمی کے بعد 74.17ڈالر ہوگئی ۔امریکی اسٹاک مارکیٹ ڈاؤ میں تین فیصد اضافہ ہوا جبکہ ایس اینڈ پی 500 اور نیس ڈیک کمپوزٹ نے ابتدائی سودوں میں دو فیصد اضافہ کیا۔یورپی اسٹاک مارکیٹوں میں دوپہر تک اضافے کے بعد ایک بار پھر کمی کا رحجان غالب ہوگیا ۔ ایشیائی اسٹاک کا رخ مڑ گیا۔