190ملین پاؤنڈ ریفرنس،3ماہ اور37سماعتوں کے بعدآخری گواہ پر جرح مکمل

07 نومبر ، 2024

راولپنڈی(جنگ نیوز)احتساب عدالت میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں3ماہ اور37سماعتوں کے بعد آخری گواہ پر بلآخر جرح مکمل کرلی گئی جس کے بعد عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اوران کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے 342 بکے بیان کیلئے8نومبرکی تاریخ مقرر کردی۔ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں190ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصرجاوید رانا نے کی۔بانی پی ٹی آئی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ بشریٰ بی بی بھی عدالت پیشی کیلئے اڈیالہ جیل پہنچیں۔ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس حتمی مرحلے میں داخل ہوگیا اور وکلا صفائی نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کے35گواہوں پرجرح مکمل کرلی۔بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان گل نے ریفرنس کے آخری گواہ پرجرح مکمل کی۔عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پرسماعت 8 نومبرتک ملتوی کردی۔