ملک بھر میں اکتوبر میں48دہشتگردی کے واقعات ہوئے ، رپورٹ

07 نومبر ، 2024

لاہور( این این آئی)پاک انسٹی ٹیوٹ فار پیس اسٹڈیز کی اکتوبر 2024کی ماہانہ سکیورٹی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں ہونے والے48 حملوں میں سے زیادہ تر خیبر پختونخوا ہ اور بلوچستان میں ہوئے، جہاں بالترتیب 35اور 9واقعات پیش آئے۔رپورٹ کے مطابق سندھ اور پنجاب میں دہشتگردی کے محدود لیکن اہم واقعات رہنما ہوئے، دونوں صوبوں میں 2،2حملے ہوئے ۔سکیورٹی فورسز کی جانب سے سخت ردعمل کے نتیجے میں چاروں صوبوں کے 15اضلاع میں 84عسکریت پسندوں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں جو انسداد دہشتگردی کی فعال حکمت عملی کی نشاندہی کرتی ہیں۔اکتوبر 2024میں ملک میں کل 48دہشتگرد حملے ہوئے، ان حملوں کے نتیجے میں 100افراد جاں بحق ہوئے جبکہ ستمبر میں حملوں کی تعداد 45تھی جس میں 54اموات ہوئیں، 100اموات میں 52سکیورٹی اہلکار، 36عام شہری اور 12عسکریت پسند شامل ہیں۔