اسلا م آبا د ہائیکورٹ نےپولیس کو عارف جٹ کی گرفتاری سے روکدیا

07 نومبر ، 2024

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پولیس کو پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی مبین عارف جٹ کو وطن واپسی پر گرفتا ری سے روک دیا اور درخواست گزار کو 11 نومبر تک ہائیکورٹ میں سرنڈر کرنے کا حکم جاری کر دیا، پی ٹی آ ئی کے رکن بیرون ملک ہیں ، گو جرانولہ کے 2 مقدمات میں 11 نومبر تک عدالت کے سامنے پیش ہونے کا حکم۔ جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل بینچ نے پاکستان تحریک انصاف کے رکن اسمبلی مبین عارف جٹ کی گوجرانوالہ میں درج دو مقدمات میں حفاظتی ضمانت کی دو الگ الگ درخواستوں کی سماعت کی۔ آمنہ علی اور رضوان اختر ایڈووکیٹس نے عدا لت کو بتایا کہ درخواست گزار بیرون ملک ہیں ، وطن واپس آ کر عدالت کے سامنے سرنڈر کرنا چاہتا ہےلہذا اس کی حفاظتی منظور کی جائے۔ عدالت نے کہا کہ درخواست گزار 11 نومبر کو اس عدالت میں پیش ہوں ، جسٹس طارق محمود جہانگیری نے 50 ہزار جبکہ جسٹس محسن اختر کیانی نے 20 ہزار کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے پولیس کو درخواست گزار کی وطن واپسی پر گرفتاری سے روک دیا۔