ٹرمپ، تاریخی فتح، پاکستان پرامید

07 نومبر ، 2024

کراچی (نیوز ڈیسک)امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ نے تاریخی فتح حاصل کرلی ، ٹرمپ نے اپنی حریف اور امریکی نائب صدر کملا ہیرس کو شکست دے کر دوسری بار اقتدار حاصل کرلیا ، ڈونلڈ ٹرمپ نے 292الیکٹورل ووٹ کیساتھ ساتھ 7کروڑ 19لاکھ سے زائد پاپولر ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کی حریف کملا نے 224الیکٹورل ووٹ لئے ، وہ مجموعی طور پر 6کروڑ 70لاکھ سے زائد پاپولرووٹ حاصل کرپائیں، ٹرمپ کی جماعت ریپبلکن نے سینیٹ اور ایوان نمائندگان میں بھی میدان مار لیا، سینیٹ میں نشستوں کی تعداد 52 ہوگئیں اور ایوان نمائندگان میں 207نشستیں حاصل ہوگئیں ،ریپبلکن کو سینیٹ میں بھی اکثریت حاصل ہوگئی ہے ۔ ڈیموکریٹس کی سینیٹ میں نشستوں کی تعداد 43 ہوگئی جبکہ ایوان نمائندگان میں انہوں نے 188نشستیں حاصل کیں ۔ نومنتخب امریکی صدر نے ’وکٹری اسپیچ‘ کرتے ہوئے اپنے ووٹرز اور حامیوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میں کوئی نئی جنگ شروع نہیں کروں گا بلکہ جاری جنگوں کو روکوں گا ، ریاست فلوریڈا میں اپنے انتخابی ہیڈ کوارٹر میں خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ’’ سب سے پہلے امریکا ‘‘کی پالیسی پر عمل پیرا رہیں گے ، امریکا کو پھر سے عظیم تر بنائیں گے ، ان کا کہنا تھا کہ سرحدوں کو سیل کرنا پڑے گا، ہم چاہتے ہیں کہ لوگ قانونی طریقے سے امریکا آئیں، امریکا کو محفوظ بنائیں گے۔امریکی میڈیا کے مطابق کملا ہیرس نے شکست تسلیم کرلی ہے،کملا ہیرس نے ڈونلڈ ٹرمپ کو فون کرکے انہیں مبارکباد بھی پیش کی ہے ، انہوں نے ہاورڈ یونیورسٹی میں اپنے حامیوں سے خطاب بھی کیا ۔امریکی صدر جوبائیڈن نے بھی ٹرمپ کو مبارکباد پیش کی اور انہیں ملاقات کی دعوت بھی دی ، انہوں نے اقتدار کی پرامن منتقلی کے عمل کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا ۔