نئی امریکی انتظامیہ کیساتھ ملکر کام کرنے کے منتظر، وزیراعظم، PTI رہنما بھی خوش

07 نومبر ، 2024

اسلام آباد(اے پی پی/ٹی وی رپورٹ) امریکی صدارتی الیکشن میں ڈونلڈٹرمپ کی فتح پر پاکستان پرامید‘تحریک انصاف کے رہنماءبھی خوش ‘ وزیراعظم شہبازشریف ‘بانی پی ٹی آئی عمران خان ‘ اپوزیشن لیڈرعمرایوب ‘ وزیراعلیٰ مریم نوازودیگر نے نومنتخب امریکی صدرکو مبارکباد پیش کی ۔ شہباز شریف نےڈونلڈٹرمپ کو انتخابات میں دوسری بارتاریخی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ وہ پاکستان اورامریکا کے درمیان شراکت داری کو مزیدمضبوط اوروسیع کرنے کےلئے نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ مل قریبی کام کرنے کے منتظر ہیں ۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ پر ان سے منسوب بیان میں کہا ہے کہ تمام تر مشکلات کے باوجود امریکی عوام کی رائے برقرار ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہےکہ امید ہے کہ نومنتخب صدر ٹرمپ جمہوریت اور انسانی حقوق کے لیے باہمی احترام پر مبنی پاک امریکا تعلقات کے لیے اچھے ثابت ہوں گے۔دریں اثنا قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے بھی نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدارت کے امیدوار جے ڈی وانس کو کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔عمر ایوب نے کہا کہ امید ہے کہ یہ ٹیم پاکستانی عوام اور امریکی عوام کے درمیان بہتر تعلقات کو فروغ دے گی۔