کیا وائٹ ہائوس منتقلی کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ عمران کی وکالت کرینگے؟

07 نومبر ، 2024

اسلام آباد(فاروق اقدس)عالمی میڈیا کے مطابق امریکی صدراتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کو فیصلہ کن برتری حاصل ہوچکی ہے اب کیا وائٹ ہائوس منتقلی بعد ڈونلڈ ٹرمپ عمران کی وکالت کرینگے؟ امریکہ کا 45واں صدر بننے پر عالمی رہنمائوں کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ بھی جاری ہے ،ڈونلڈ امریکی عوام اور اپنے حامیوں کا خاص طور پر شکریہ بھی ادا کر رہے ہیں۔ دنیا کے متعدد بالخصوص ترقی پذیر ملک سپرپاور کے نئے صدر کی آمد پراپنی پالیسیوں کا ازسرنو جائزہ لے رہے ہوں گے جن میں یقیناً پاکستان بھی شامل ہوگا تاہم پاکستان کی سیاست میں یہ موضوع سرفہرست ہے کیا ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہائوس میں منتقلی کے بعد عمران خان کی رہائی کیلئے کوشش کریں گے؟ کیا ان کی جیت سے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین کی جیل سے رہائی ممکن ہوسکے گی اور کیا ٹرمپ کے آنے سے پی ٹی آئی کے حامیوں کے خواب اور خواہش پوری ہوسکیں گی۔ جن کی توقع لگائے وہ کافی عرصے سے منتظر تھے۔ ان کے جوش و خروش کا اندازہ اس ناخوشگوار حقیقت سے لگایا جاسکتا ہے کہ اس حوالے سے چند ماہ پیشتر ایک وڈیو کلپ وائرل کیا گیا تھا جس میں ڈونلڈ ٹرمپ کو یہ کہتے سنا جاسکتا ہے کہ میرے پاکستانی امریکی دوستو میں وعدہ کرتا ہوں اگر میں جیت گیا تو اپنی پوری کوشش کروں گا کہ عمران خان کو جلد سے جلد پاکستان کی جیل سے باہر لے آئوں، وہ میرا دوست ہے ،مجھے اس سے محبت ہے میں دوبارہ حکومت میں آنے کیلئے اس کی حمایت کرونگا‘ تاہم اب امریکی میڈیا نے ’’فیکٹ چیک‘‘ کرکے بتایا ہے کہ ٹرمپ کا یہ کلپ جعلسازی کے ذریعے بنایا گیا امریکی اخبار یو ایس اے ٹو ڈے کے فیکٹ چیک کے مطابق کہ اصل وڈیو 2017کی ہے جس میں عمران خان کی ترمیم کرکے فیک بنایا گیا ہے۔ آڈیو ٹرمپ کے ہونٹوں کی حرکت سے مطابقت نہیں رکھتی تھی۔