حج پالیسی کی اہم تفصیلات ، خواتین کومحرم کے بغیر جانے کی مشروط اجازت

07 نومبر ، 2024

اسلام آ باد ( رانا غلام قادر ) و فاقی کابینہ سے منظور ہونے والی نئی حج پالیسی 2025کی اہم تفصیلات سا منے آئی ہیں ذ رائع کے مطابق نئی پالیسی میں خواتین عازمین حج کو بغیر محرم کے حج پر جانے کی مشروط اجازت دی گئی ہے۔ یہ اجازت سلامی نظر یاتی کونسل کے سات جون 2023کے فیصلہ کی رو سے دی گئی ہے۔ شادی شدہ ہونے کی صورت میں خا وند اور غیر شادی شدہ کیلئے والدین کی اجازت لازمی ہو گی۔ تمام حجاج مکتب ڈی میں قیام کریں گے۔ گزشتہ حج کی نسبت نئی پالیسی میں حج ا خراجات میں اضا فہ ظاہر کیا گیا ہے۔ گزشتہ پالیسی میں حج پیکج دس لاکھ75ہزار رو پے تھا۔ اگلے حج میں حج اخراجات دس لاکھ 75ہزار روپے سے گیارہ لاکھ 75ہزار روپے کے درمیان ہوںگے۔ 2024کی پالیسی میں سپانسر شپ سکیم کیلئے گورنمنٹ سکیم کا کوٹہ 25ہزار اور نجی اسکیم کا27ہزار تھا۔حاجی کے دوران حج انتقال کی صورت میں زر تلافی کی رقم دس لاکھ روپے سے بڑھا کر بیس لاکھ روپے کردی گئی ہے۔