صوبائی وزیر ہاؤسنگ کا ’اپنی چھت اپنا گھر پروگرام ‘کے گھروں کی تعمیر کا افتتاح

08 نومبر ، 2024

ملتان (سٹاف رپورٹر ) صوبائی وزیر ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ بلال یاسین نے گزشتہ روز اپنے دورہ ملتان کے دوران اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت گھروں کی تعمیر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر بلال یاسین نے سورج کنڈ روڈ پر قرضہ حاصل کرکے گھر تعمیر کرنے والے ایک شہری کے ہمراہ اسکے گھر کا سنگ بنیاد رکھا اور خصوصی دعا بھی کرائی ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو ،ڈی جی ایم ڈی اے سلیم احمد خان ،ایم پی اے سلمان نعیم اور حاجی جاوید اختر انصاری بھی ہمراہ تھے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ملتان کا تفصیلی دورہ کیا ہے۔ایم ڈی اے، واسا کو شہریوں کے مسائل کے حل کا فوری ٹاسک سونپا ہے۔ ریکوری اہداف میں بہتری لاکر اداروں کو مضبوط کیا جاسکتا ہے۔ ملتان میں واسا سے متعلق مسائل کا حل ناگزیر ہے۔ پی ایچ اے، ایم ڈی اے کے بورڈز کو فعال کرنے بارے بھی حکومت پنجاب کو لکھا جائے گا۔ کمشنر مریم خان نے بتایا کے شہریوں کو زیادہ تر واسا سے متعلق مسائل کا سامنا ہے کمشنر افس کو موصول درخواستوں میں زیادہ درخواستیں واسا سے متعلق ہوتی ہیں جن کو محدود وسائل کے پیش نظر حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جاتی ہے۔