صدر ہائیکورٹ بار سے ناروا سلوک کا الزام، آج وکلا ہڑتال کا اعلان

08 نومبر ، 2024

ملتان (سٹاف رپورٹر) ہائیکورٹ بار کے صدر ملک سجاد حیدر میتلا نے کہا ہے کہ کالے کوٹ کے وقار اور حرمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا ۔ ہائیکورٹ کے سینئر جج نے بار کے وکلا کی بے وجہ تضحیک کی ہے جس پر وکلا آج ہائی کورٹ کا مکمل بائیکاٹ کریں گے ۔ ہمارا چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سے مطالبہ ہے کہ وہ اس واقعے کا فوری نوٹس لیں اور مذکورہ جج کو ملتان بنچ سے ٹرانسفر کریں ۔انھوں نے کہا کہ ہائی کورٹ بار کے ہنگامی اجلاس میں وکلا کی مشاورت سے اگلا لائحہ عمل ترتیب دیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ہائی کورٹ بار میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ پریس کانفرنس میں جنرل سیکرٹری سید انیس مہدی ، نائب صدر علی رضا علوی ، لائبریری سیکرٹری سردار رفیق ڈوگر ، فنانس سیکرٹری وسیم عباس ، ممبران ایگزیکٹو منیبہ انعم ، نادر مرالی ، عبداللہ چودھری ، لیاقت علی سورو ، شمس الحق خان ، شہباز علی خان گورمانی ، افضل چانڈیہ ، چوہری منظور اور زہیب حسن بھی موجود تھے ۔دریں اثنا ہائی کورٹ ملتان بنچ کے سینئر جج نے ہائی کورٹ بار کے صدر ملک سجاد حیدر میتلا کو بار بار بلانے کے باوجود عدالت میں پیش نہ ہونے اور تیسری کال پر حاضر ہونے پر ناراضی کا اظہار کیاجس کی وجہ سے ماحول انتہائی تلخ ہوگیا۔ فاضل جج نے ان کے دوسری عدالت میں پیش ہونے کےعذر کو بھی مسترد کردیا ۔