راولپنڈی (نیوز ایجنسیاں) جنوبی وزیرستان کے علاقے کرامہ میں سیکورٹی فورسز کیساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 5 خارجی دہشت گرد مارے گئے جبکہ بہادری سے لڑتے ہوئے 4 جوان شہید ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں ممکنہ خارجی دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شہدامیں نائب صوبیدار طیب شاہ ، لانس نائیک گلاب زمان ، لانس نائیک مزمل محمود اور لانس نائیک حبیب اللہ شامل ہیں۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف ، قائمقام صدر یوسف رضا گیلانی نے سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ہماری دہشت گردوں سے جنگ جاری رہے گی، انہوں نے سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے ، شہدا کے لئے بلندی درجات اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔