اعلیٰ عدلیہ، بڑے اجلاس آج، جوڈیشل کمیشن اور سپریم جوڈیشل کونسل کے اجلاس الگ الگ ہونگے، چیف جسٹس سربراہی کرینگے

08 نومبر ، 2024

اسلام آباد(خبر نگار، جنگ رپورٹر )چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے آج مختلف اوقات میں جوڈیشل کمیشن اور سپریم جوڈیشل کونسل کے اجلاس طلب کر لیے ہیں‘ذرائع کے مطابق آج دن 11بجے چیف جسٹس کی زیر صدارت سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس ہوگا جس میں اعلی عدلیہ کے ججوں اور الیکشن کمیشن ارکان کے خلاف جمع کروائی گئی شکایات کا جائزہ لیا جائے گا ، دوسری جانب چیف جسٹس ہی کی زیر صدارت منعقدہ جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں سندھ ہائیکورٹ میں آئینی بنچوں کی تشکیل کے لئے ججوں کی نامزدگی پر غور کیا جائے گا‘یہ اجلاس دوپہر 2 بجے منعقد ہوگا۔علاوہ ازیں چیف جسٹس کی زیر صدارت انسداد دہشت گردی عدالتوں (اے ٹی سی ) کے انتظامی ججوں کا اجلاس سپریم کورٹ میں ہوا جس میں انسداد دہشتگردی عدالتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور انسداد دہشتگردی کے مقدمات کی فوری اور موثر یکسوئی کو یقینی بنانے کے لئے اہم چیلنجز کا جائزہ لیا گیا۔چیف جسٹس نے انصاف کی فراہمی کو بڑی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے شرکاء پر زور دیا کہ وہ غیر جانبداری اور خوف یا حمایت کے بغیرقانون کی پاسداری کریں۔ اجلاس کو بتایاگیاکہ پاکستان میں اس وقت اے ٹی سی کے کل 2,273 مقدمات زیر التوا ہیں جن میں سے 1,372 مقدمات صرف سندھ میں زیر التوا ہیں۔ چیف جسٹس نے مقدمات کے بیک لاگ پر تشویش کا اظہار کیا اور انصاف میں تاخیر کے خاتمے کو یقینی بنانے کے لئے ان مقدمات کو تیز کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔