سپریم کورٹ میں97 ارب کے 3ہزار 496 مالیاتی مقدمات زیر التوا ہونے کا انکشاف

08 نومبر ، 2024

اسلام آباد(جنگ رپورٹر)سپریم کورٹ میں 97 ارب کے 3 ہزار 496 مالیاتی مقدمات زیر التوا ہونے کا انکشاف،چیف جسٹس یحیٰ آفریدی نے قومی خزانے کو نقصان پرتشویش کا اظہا کیا اور رجسٹرار سپریم کورٹ،ایف بی آر حکام اور معاشی ماہرین پر مشتمل 5رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ،جوزیر التوا ٹیکس مقدمات نمٹانے سے متعلق تجاویز پیش کرے گی ، سپریم کورٹ کے اعلامیہ کے مطابق جمعرات کے روز چیف جسٹس یحیٰ آفریدی کی زیر صدارت زیر التوا ء ٹیکس مقدمات نمٹانے کے حوالے سے ایک اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا ،جس میں چیف جسٹس نے سپریم کورٹ میں 97ارب روپے کے 3496ٹیکس مقدمات کے زیر التواء ہونے پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ،بعد ازاں رجسٹرار سپریم کورٹ، ایف بی آر حکام اور معاشی ماہرین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی جوزیر التوا ٹیکس مقدمات نمٹانے سے متعلق تجاویز پیش کرے گی،اجلاس میں ایف بی آرکے اعلی حکام، ممتاز ٹیکس ماہرین، چیئرمین ایف بی آر ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان ،مختلف صنعتکاروں ،وفاقی سیکرٹری ہائے قانون اور مالیاتی ڈویژن، سپریم کورٹ کے رجسٹرار، لاء اینڈ جسٹس کمیشن کی سیکرٹری، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن، فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری ،انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور اوورسیز کے نمائندوں اوراراکین پارلیمنٹ سلیم مانڈوی والا اور محسن عزیز شریک ہوئے۔