انٹرنیٹ کے باعث نئی نسل آئوٹ ڈور گیمز سے دور چلی گئی ،سیکرٹری دفاع

08 نومبر ، 2024

اسلام آباد (ساجد چوہدری )سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر)محمد علی نے کہا ہے کہ انٹرنیٹ کے باعث نئی نسل آئوٹ ڈور گیمز سے دور چلی گئی ہے اور موبائل سے باہر نہیں آ رہی ہے،22کروڑ آبادی والے ملک کیلئے اولمپک میں ایک گولڈ میڈل جیت جانا زیادہ بڑی بات نہیں، ہم نے کھیلوں کو محض ٹائم پاس سمجھ رکھا ہے حالانکہ کھیل بہت اہم چیز ہیں جس سے انسان میں مثبت رحجان پیدا ہوتا ہے ، یہ باتیں انہوں نے جمعرات کو سی ایم اے کمپلکس راولپنڈی میں پاکستان ملٹری اکائونٹس ڈیپارٹمنٹ (پی ایم اے ڈی) کی سالانہ کھیلوں 2024-25 کا افتتاح کر تے ہوئے کیں،انہوں نے کہا 22کروڑ سے زیادہ آبادی پر مشتمل ملک جس کی زیادہ تعداد نوجوانوں پر مشتمل ہو اس کیلئے اولمپک میں ایک گولڈ میڈل جیت جانا زیادہ بڑی بات نہیں ، اس کے مقابلے میں چھوٹی آبادی پر مشتمل ممالک کی کارکردگی اچھی ہے ، کسی بھی ملک اور قوم کی ترقی کیلئے صحت مند اور مثبت رویوں کا ہونا بہت ضروری ہے ، اچھی صحت کیلئے کھیلوں کی بہت اہمیت ہے ، اس موقع پر انہوں نے لکھی ہوئی تقریر سامنے آنے پر مسکراتے ہوئے کہا میری عادت نہیں کہ سکرپٹ پڑھ کر بات کروں،میں دل کی بات کرونگا، سیکرٹری دفاع نے کہا جب سے انٹرنیٹ نے زور پکڑا ہے نئی نسل آئوٹ ڈور گیمز سے دور چلی گئی اور موبائل سے باہر نہیں آ رہی ہے، ہم نے کھیلوں کو محض ٹائم پاس سمجھ رکھا ہے حالانکہ کھیل بہت اہم چیز ہیں ، انہوں نے کہا کھیلوں سے انسان کے اندر مثبت رحجان پیدا ہوتا ہے اور منفی چیزیں دور چلی جاتی ہیں ، اس سے مقابلہ کرنے کی لگن بھی پیدا ہوتی ہے ، سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر)محمد علی نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور اللہ تعالٰی نے پاکستان کو بہت سے وسائل سے نواز رکھا ہے تو پھر ہم سپورٹس میں کیوں پرفارم نہیں کرسکتے ، من حیث القوم ہم نے فیصلہ کر لیا ہے کہ سپورٹس نہیں کرنا ، اگر اقوام عالم میں پاکستان نے اپنا مقام منوانا ہے تو سپورٹس میں بھی بھرپور اقدام اٹھانا ہو گا، انہوں نے ملٹری اکائونٹنٹ جنرل کاشف احمد نور کی طرف سے اپنے محکمے میں سپورٹس کی بھرپور سرگرمیاں شروع کرانے پر ان کی تعریف کی اور کہا کہ اس سال وزارت دفاعی پیداوار کی تین ٹیمیں پی ایم اے ڈی کی کھیلوں میں شریک ہیں، اگلی مرتبہ وزارت دفاع کی بھی ایک ٹیم ان کھیلوں میں شامل ہو گی ، انہوں نے وزارت دفاع کی طرف سے کھیلوں میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی ، ملٹری اکائونٹنٹ جنرل کاشف احمد نور نے کہا کہ کھیلوں سے ملازمین میں صحتمندانہ سرگرمیاں فروغ پائیں گی، آنے والے سال میں کھلاڑیوں کے معیار اور تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے ، اس سال کھیلوں کے سولہ ایونٹس میں کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، انہوں نے کھیلوں کے منتظمیں کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی ،پی ایم اے ڈی سپورٹس بورڈ کے صدر کنٹرولر لوکل آڈٹ (ڈی پی)راولپنڈی ہاشم رضا نےمیزبانی کے فرائض سرانجام دیئے ۔