زرداری، نواز کیخلاف ریفرنس دوسری عدالت منتقل کرنیکی درخواست پر فیصلہ محفوظ

08 نومبر ، 2024

اسلام آباد (خبر نگار) احتساب عدالت نمبر3 اسلام آباد کی جج عابدہ سجاد نے صدر آصف علی زرداری ، سابق وزرائے اعظم میاں نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی وغیرہ کیخلاف توشہ خانہ گاڑیوں کا ریفرنس واپس بھیجنے کے حوالے سے فیصلہ محفوظ کر لیا۔ گذشتہ روز سماعت کے دوران وکلا صفائی اور پراسیکیوٹرز کے علاوہ ڈپٹی ڈی جی نیب بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ جج عابدہ سجاد نے کہاکہ نیب نے اپنا جواب جمع کروا دیا ۔ فاروق ایچ نائیک ایڈووکیٹ نے کہاکہ ہمیں کاپیاں ابھی تک نہیں ملیں۔دوران سماعت یوسف رضا گیلانی ، نوازشریف و دیگر ملزمان کے وکلا نے فاروق ایچ نائیک کے دلائل سے اتفاق کیا۔ عدالت نے ریفرنس ایف آئی اے یا سپیشل جج سنٹرل کو بھیجنے پر فیصلہ محفوظ کر لیا جو 21 نومبر کو سنایا جائے گا۔