سعودیہ، د نیا کا پہلا روبوٹک ہارٹ ٹرانسپلانٹ کرنے والی طبی ٹیم کی سعودی ولی عہد سے ملاقات

08 نومبر ، 2024

ریاض (شاہدنعیم) سعودی عرب میں دنیا میں پہلا روبوٹک ہارٹ ٹرانسپلانٹ کرنے والی طبی ٹیم نے سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ان کے دفترمیں ملاقات کی۔سعودی ولی عہد نے سعودی ڈاکٹروں کو روبوٹ ٹیکنالوجی سے ہارٹ ٹرانسپلانٹ کی کامیابی پر مبارک باد پیش کی۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے دفترمیں سعودی میڈیکل ٹیم کا استقبال کیا جس نے روبوٹ کا استعمال کرتے ہوئے دنیا کا پہلا مکمل ہارٹ ٹرانسپلانٹ کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ یہ آپریشن ریاض کے کنگ فیصل ا سپیشلسٹ اسپتال اینڈ ریسرچ سینٹر میں کیا گیا۔ملاقات کرنے والوں میں کنگ فیصل اسپیشلسٹ اسپتال کے بورڈآف ڈائریکٹرز چیئرمین مازن الرمیح، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ماجد الفیاض ور ایگزیکٹو نائب صدر ڈاکٹر بیجورن زوئیگا نے شرکت کی۔ ملاقات کے دوران ولی عہد نے اس تاریخی کامیابی پر میڈیکل ٹیم اور ماہرین کے رہ نمائوں کو مبارکباد پیش کی۔انہوں نے سعودی ٹیلنٹ کی کوششوں اور طبی میدان میں جدت اور عالمی کامیابی حاصل کرنے کی ان کی صلاحیت کو سراہا۔ میڈیکل ٹیم کے ارکان نے ولی عہد سے ملاقات پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے ولی عہد کی جانب سے مسلسل تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ میڈیکل ٹیم کے سربراہ سعودی سرجن پروفیسر فراس خلیل نے تصدیق کی کہ ولی عہد شہزادہ محمد سے ان کی ملاقات انہیں انسانیت اور ملک کی خدمت کیلئے مزید کام کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔