توشہ خانہ ٹو کیس، عمران اور بشریٰ کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ

09 نومبر ، 2024

راولپنڈی (صباح نیوز) توشہ خانہ کیس میں سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے عمران خان اور بشری بی بی کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔دونوں کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ 12 نومبر کو سنایا جائیگا۔جمعے کو توشہ خانہ کیس کی سماعت راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں ہوئی اور بشری بی بی سماعت کیلئے جیل آئیں۔ اس دوران عمران خان کو بھی کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے عمران خان اور بشری بی بی کی بریت کی درخواستوں پر وکلا صفائی اور اسپیشل پراسیکیوٹر کے دلائل سنے اور فیصلہ محفوظ کرلیا۔ اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے عمران خان اور بشری بی بی پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی بھی موخر کر دی ہے۔