بھارتی روپیہ ڈالر کے مقابلے میں کم ترین سطح پر ،84.37کا ہوگیا

09 نومبر ، 2024

نئی دہلی (آئی این پی)بھارتی روپیہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں 84.37 کی اب تک کی کم ترین سطح پر آ گیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی روپیہ جمعہ کو ابتدائی تجارت میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں 5 پیسے گر کر 84.37 کی اب تک کی کم ترین سطح پر آ گیا۔گزشتہ روز بھارتی روپیہ 1 پیسے گر کر امریکی ڈالر کے مقابلے 84.32 پر بند ہوا تھا اور جمعہ کو دن کے آغاز سے ہی مزید گراوٹ جاری ہے۔مودی سرکار کی مالیاتی پالیسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اپوزیشن جماعتوں اور اقتصادی ماہرین نے کہا ہے کہ ٹرمپ کے صدارتی عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ صورت حال مزید گھمبیر ہوجائے گی۔ماہرین کے نزدیک ڈالر کے مقابلے میں بھارتی روپے کی قدر میں مسلسل کمی کی وجہ غیر ملکی فنڈز کے مسلسل اخراج اور ڈومیسٹک ایکوئٹی میں مندی کا رجحان ہے۔دوسری جانب فاریکس ٹریڈرز کا کہنا ہے کہ شرح سود میں کمی کا امریکی فیڈرل ریزرو کا حالیہ فیصلہ عالمی مالیاتی منظر نامے میں تبدیلی کا اشارہ ہے۔ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کے عالمی منڈیوں پر اثر انداز ہونے سے کرنسی کی قدر میں اتار چڑھا تیزی سے ہوا کرے گا۔خیال رہے کہ امریکا نے تازہ ترین مانیٹری پالیسی کے تحت اپنی بینچ مارک ریٹ کو 0.25 بیسس پوائنٹس سے کم کر کے 4.5 فیصد سے 4.75 فیصد کی ہدف کی حد تک پہنچا دیا۔