بھارت ، ملعون سلمان رشدی کی توہین آمیز کتاب پر عائد پابندی ختم

09 نومبر ، 2024

کراچی (نیوز ڈیسک) بھارت میں ملعون سلمان رشدی کی توہین آمیز کتاب پر 30سال سے عائد پابندی ختم کردی گئی ، انڈیا میں شدید احتجاج کے بعد توہین آمیز ناول پر 1988میں پابندی عائد کی گئی تھی تاہم دہلی ہائیکورٹ نے کہا کہ چوں کہ کسی بھی فریق کی جانب سے حکومتی پابندی کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا اس لئے اس پابندی کی کوئی حیثیت نہیں ، عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے کئی سال سے جاری کیس کو نمٹا دیا ۔دہلی ہائی کورٹ نے 2019 کے کیس کی سماعت کی جس میں اس ناول کی درآمد پر عائد پابندی کو چیلنج کیا گیا تھا۔عدالتی حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ انڈین حکومت نے دہلی ہائی کورٹ کو بتایا کہ درآمد پر پابندی کے نوٹیفکیشن کا پتا نہیں لگ سکا لہذا یہ پیش نہیں کیا جا سکتا۔حکومتی نمائندے کے بیان کے بعد عدالت نے ریمارکس دیے اور کوئی آپشن نہیں رہا سوائے یہ سمجھنے کہ ایسا کوئی نوٹیفکیشن موجود نہیں ہے۔درخواست گزار سندی پن خان کے وکیل اودیام مکھرجی نے بتایا کہ5نومبر کو یہ پابندی ہٹا دی گئی ہے کیونکہ ایسا کوئی نوٹیفکیشن موجود ہی نہیں ہے۔