مقبوضہ کشمیر، 2کشمیری نوجوان شہید

09 نومبر ، 2024

سری نگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران جمعہ کو ضلع بارہمولہ میں 2 اور کشمیری نوجوانو ں کو شہید کردیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوانو ں کو ضلع میں سوپورکے علاقے سعدہ پورہ میں تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔ بھارتی فوجیوں نے گزشتہ روز اس علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی بڑی کارروائی شروع کی تھی۔ بعد ازاں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارتی فوج نے شہداء کی لاشیں اہل خانہ کو دینے کے بجائے پولیس کے حوالے کردیں۔ کشمیر کی بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے نوجوانوں کو عسکریت پسند ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان مسلح تھے اور مقابلے میں مارے گئے۔ شہداء کے اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے قابض بھارتی فوج کے خلاف شدید احتجاج کیا۔