پاکستان اور ابوظبی پورٹس میں 4 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط، امارات کی سرمایہ کاری معیشت کو فروغ دینے میں مدد دے گی، وزیراعظم

09 نومبر ، 2024

اسلا م آباد(نمائندہ جنگ ) پاکستان اور ابوظہبی پورٹس کمپنی کے درمیان جمعہ کو ریلوے ، کسٹمز ، ایئرپورٹ انفراسٹرکچر اور بحری امور شپنگ سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کیلئے مفاہمت کی 4 یاداشتوں پردستخط کیے گئےجبکہ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہےکہ برادر ملک متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کاری پاکستان کی معیشت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گی،پاکستان اور یو اے ای تجارت، توانائی ، سرمایہ کاری سمیت دیگر شعبوں میں جامع اقتصادی شراکت داری سے ترقی اور خوشحالی کے مشترکہ اہداف حاصل کر سکتے ہیں ۔ شہبازشریف سے عرب امارات کے وزیر مملکت برائے خارجہ تجارت ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی کی قیادت میں سرمایہ کاروں کے اعلیٰ سطح وفد نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی۔وفد نے پاکستان میں اے ڈی پورٹس کی موجودہ سرمایہ کاری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان میں جہاز رانی، بندرگاہوں کی کارکردگی بڑھانے، لاجسٹکس اور کسٹم کی ڈیجیٹلائزیشن میں سرمایہ کاری کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔شہباز شریف نے پاکستان کی مسلسل حمایت پر متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید کیساتھ ساتھ متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم محمد بن راشد المکتوم سے اظہار تشکر کیا۔ وزیر اعظم نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ یو اے ای کے وفد کا یہ دورہ پاکستان میں متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔دریں اثناءپاکستان اور ابوظہبی پورٹس کمپنی کے درمیان جمعہ کو ریلوے ، کسٹمز ، ایئرپورٹ انفراسٹرکچر اور بحری امور شپنگ سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کیلئے مفاہمت کی 4یاداشتوں پردستخط کیے گئے ۔اس سلسلے میں جمعہ کو وزیراعظم ہاؤس میں پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں شہباز شریف نے بھی شرکت کی۔ کوہاٹ- تھر - کھرلاچی ریلوے لائن کی تعمیر کیلئے پاکستان ریلویز اور ابو ظہبی پورٹس کمپنی کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے پاکستان کسٹمز کے محصولات میں اضافہ، ٹرانزٹ کارگو کی ٹریکنگ اور دیگر اصلاحات کیلئےایف بی آر اور ابو ظہبی پورٹس کمپنی کے مابین مفاہمتی یادداشت پر پاکستان کی جانب سے ممبر کسٹم اینڈ آپریشنز محمد جنید جلیل خان جبکہ ابوظہبی پورٹس گروپ کی جانب سے کیپٹن محمد الشمیسی نے دستخط کیے شپنگ، ڈریجنگ اور دیگر بحری امور میں تعاون پر پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کراچی پورٹ ٹرسٹ اور ابو ظہبی پورٹس کمپنی کے مابین مفاہمتی یادداشت پر پاکستان کی جانب سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پاکستان نیشنل شیپنگ کارپوریشن خرم مرزا جبکہ ابو ظہبی پورٹس کمپنی کی جانب سے کیپٹن محمد الشمیسی نے دستخط کیے ۔پاکستان میں ائیرپورٹس کی تعمیر و توسیع کیلئے پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی اور ابو ظہبی پورٹس کمپنی کے مابین مفاہمتی یادداشت پر پاکستان کیجانب سے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ائیرپورٹ اتھارٹی صادق الرحمان نے جبکہ ابو ظہبی پورٹس کمپنی کی جانب سے کیپٹن محمد الشمیسی نے دستخط کیے۔