کینگروز کو شکست، حارث رؤف کی تباہ کن بولنگ، 5 شکار، صائم ایوب کے 82 روز

09 نومبر ، 2024

لاہور،کراچی (نیوزرپورٹر،نمائندہ جنگ) حارث رئوف نے تباہ کن بولنگ نے آسٹریلین صفیں الٹ دیں، 5وکٹیں لے اڑے ۔ لٹل اسٹارصائم ایوبکے بیٹ نے کینگروز بولنگ تہس نہس کرتے ہوئے چھ چھکوں سے سجی 82رنز کی اننگز کھیلی،پاکستان نے کینگروز کو 9وکٹ سے شکست دے دی کپتان محمد رضوان نے 6کیچز لیکر عالمی ریکارڈ برابر کردیا ۔ پاکستان نے جمعے کو ایڈیلیڈ میں دوسرے ون ڈے میں آسٹریلیا کو 9وکٹ سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1سے برابر کرلی۔ہوم سائیڈ 163پر ڈھیر ہوگئی، پاکستان نے ہدف ایک وکٹ پر پورا کرلیا۔وکٹ کیپر محمد رضوان نے چھ کیچز لیکر عالمی ریکارڈ برابر کیا۔ پاکستان کی آسٹریلوی سر زمین پر ون ڈے میچ میں سات سال بعد پہلی فتح ہے، فاسٹ بولر حارث نے کیریئر میں دوسری بار 5 شکار کیے ۔ انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ٹاس جیت کر پاکستانی کپتان محمد رضوان نے اپنے بولرز کو استعمال کیا جنہوں نے توقعات کے مطابق میزبان کھلاڑیوں کو163رنز پر ڈھیر کردیا ۔ جواب میں پاکستانی بیٹرز نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 164 رنز کا ہدف با آسانی ایک وکٹ پر 26.3 اوورز میں حاصل کرلیا۔ صائم ایوب کو زمپا نے اس وقت آؤٹ کیا جب پاکستان جیت سے صرف 27 رنز کی دوری پر تھا۔ عبداللہ شفیق 69 گیندوں پر 64 اور بابر اعظم 15 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔