کچھ بھی ہو عمران خان کی رہائی کے بغیر گھرواپس نہیں جائیں گے،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا جلسے میں کارکنوں سے حلف

10 نومبر ، 2024

پشاور(جنگ نیوز) خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کارکنوں سے حلف لیتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ بھی ہوعمران خان کی رہائی کے بغیر گھرواپس نہیں جائیں گے۔صوابی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پورنے کہا کہ میں امریکا ہوں اورآپ کی طرف دیکھتا ہوں کیونکہ عوام ہی عمران خان کی طاقت ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آزاد کرنے کے لیے ہمارے آبا واجداد نے قربانیاں دی ہیں، عمران خان کی قیادت میں ہم قربانی دے کر آزادی لینی ہے اور خان کا ہر فیصلہ قبول ہے۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ حکومت کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہمارے قائد اور ہمارے لوگوں پر ظلم کیا گیا ہے، نومبر میں عمران خان کی کال آئے گی اور باہر نکلیں گے۔ جب تک خان کو آزاد نہیں کریں گے گھروں کو واپس نہیں آئیں گے، جیل جائیں لیکن گھر واپس نہیں جائیں گے، ہم ان کا وہ حال کریں گے کہ یہ یاد رکھیں گے۔ کچھ بھی ہو خان کی رہائی کے بغیر گھر واپس نہیں جائیں گے اور آزادی کے بغیر واپس نہیں جائیں گے، جس کے لیے سب تیار ہیں۔ جلسے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ میں عمران خان کا پیغام دے رہا ہوں اور عمران نے حکم دیا ہے کہ نومبر یعنی اسی ماہ عمران خان کال دے گا اور کال یہ ہوگی کہ جب گھروں سے نکلیں گے تو اگر ہم گھروں میں نہ پہنچیں تو جنازے پڑھ لینا اور ہم تب تک واپس نہیں آئیں گے جب تک عمران کو رہائی نہیں مل جاتی ہے۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ تحریک انصاف میں فیصلے کا اختیار صرف عمران خان کو ہے۔ عمران خان کا دیا ہوا ہر حکم اور فیصلہ قبول کریں گے اور عمل کریں گے۔انھوں نے کہا کہ عمران خان سن لو! تمھاری قوم فائنل کال کی تاریخ کا انتظار کرے گی۔ چاہے جیلوں میں چلے جائیں، چاہے قبرستانوں میں چلے جائیں۔ سب حلف اٹھاؤ۔علی امین گنڈاپور کی تقریر کے دوران شرکا نے ہاتھ اٹھا کر یہ حلف لیا کہ ہم چاہے جیلوں میں چلے جائیں، چاہے مر جائیں، ہم لڑیں گے، مقابلہ کریں گے۔ جب تک عمران خان کو رہا نہیں کیا جاتا ہم گھر واپس نہیں آئیں گے۔وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ تیاری شروع کر دو۔ سر پر چادر لے کر نکلنا اور جب عمران خان پکارے گا تو پھر ہم وہ حال کریں گے کہ تمھاری داستان بھی نہ رہے گی داستانوں میں ہے۔علی امین گنڈاپور کے خطاب کے بعد پی ٹی آئی کا جلسہ ختم ہوگیا۔اس سے قبل تحریک انصاف کے سربراہ بیرسٹر گوہر علی خان نے اپنے خطاب میں دعویٰ کیا ہے کہ عوام نے حکومتی ظالمانہ قوانین کو مسترد کر دیا ہے۔انھوں نے اعلان کیا کہ تحریک انصاف اگلے ہفتے عدلیہ کو کنٹرول کرنے والے‘ قوانین کو چیلنج کرے گی جس کے لیے تیاریاں مکمل ہیں۔پی ٹی آئی کے سربراہ کا اشارہ سپریم کورٹ میں ججز کی تعداد میں اضافے کی طرف تھا۔ ان کا دعویٰ ہے کہ حالیہ قانون سازی کے ذریعے ’یہ خود کو این آر او دے رہے ہیں۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم خود عمران خان کی رہائی کی تحریک چلائیں گے اور عدلیہ کے ذریعے عمران خان کو رہا کروائیں گے۔عمران خان کو جیل میں رکھ کر حکومتیں مضبوط نہیں ہوسکتیں، سیاست چل نہیں سکتی ہے۔ عمران خان کی رہائی بہت قریب ہے۔