ٹرمپ کا آکر عمران خان کو آزاد کرانالطیفے سے کم نہیں ،احسن اقبال

10 نومبر ، 2024

لاہور( نمائندہ جنگ)وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے ایک سیاسی جماعت کا یہ کہنا کہ ڈونلڈ ٹرمپ آئے گا تو ان کے لیڈر کو آزاد کرائے گا کسی لطیفے سے کم نہیں ہے۔ ایک بیان میں احسن اقبال نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا صدر منتخب ہونا امریکی عوام کا فیصلہ تھا، ہم اس کا احترام کرتے ہیں۔پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے احسن اقبال نے کہا کہ تحریک انصاف کے وزیر ہوا بازی کی وجہ سے پی آئی اے کو اربوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا، ہم کسی بھی قومی ادارے کو کوڑیوں کے دام نہیں بیچیں گے۔ عدلیہ کے الاؤنسز سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر کا کہنا تھا عدلیہ کے جو الاؤنسز بڑھائے گئے ہیں اس کا جواب وزیر قانون دیں گے۔انہوں نے کہا کہ عدلیہ میں آئینی بینچ باہر سے نہیں لایا گیا، یہ سپریم کورٹ کے ججوں پر ہی مشتمل ہے۔وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا وزیراعظم جلد 5 سال کا معاشی روڈ میپ دینے جا رہے ہیں۔دریں اثناء وفاقی وزیرمنصوبہ بندی وترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ فکر اقبال پاکستان کے لئے ترقی کا ایٹم بم ہے، اقبال کے افکار پر عمل کر کے پاکستان کو ترقی یافتہ قوموں میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہائیوں تک مسلمان علم کی بدولت ہر شعبہ میں مشاہدہ کرکے ترقی کی منازل طے کررہے تھے جبکہ آج علم سے دوری کے باعث المیہ یہ ہے کہ چاند کی تسخیر روس،چین اور بھارت کررہے ہیں اور اسرائیل کی طاقت باون اسلامی ممالک سے زیادہ ہوچکی ہے۔