دہشتگردی قابل مذمت،برطانیہ پاکستان کیساتھ کھڑاہے،جین میرٹ

10 نومبر ، 2024

اسلام آباد(جنگ نیوز) برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن دھماکے پر ردعمل میں کہا ہے کہ یہ کارروائیاں تقسیم کے بیج بونے کے سوا کچھ نہیں کرتیں۔برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کوئٹہ دھماکے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ میں ہونے والے ہولناک دھماکے کے نتیجے میں انسانی جانوں کے ضیاع پربہت دکھ ہواہے۔برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ میری ہمدردیاں دھماکے میں جاں بحق اور زخمیوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں ، برطانیہ دہشت گردی کی مذمت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، یہ کارروائیاں تقسیم کے بیج بونے کے سوا کچھ نہیں کرتیں۔ واضح رہے کہ کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر خودکش دھماکے میں 27 افراد جاں بحق اور5 درجن سے زائد زخمی ہوئے۔ دھماکے میں ریلوے پولیس کے2اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں، جن میں ہیڈ کانسٹیبل غلام رسول جمالی اور ہیڈ کانسٹیبل بھورل خان شامل ہیں۔ پاکستان کو مسلسل افغانستان سے ملحقہ اپنے صوبوں میں دہشت گردی کا سامنا ہے اور اب تک ان واقعات میں سیکڑوں افراد شہید ہوچکے۔