اللہ کی مرضی پر چلنے میں سکون ،غیروں کی تقلید پر پریشانیاں ہیں ، علما ئے کرام

10 نومبر ، 2024

مانگامنڈی،چوہنگ ( نمائندہ جنگ) رائیونڈ سالانہ عالمی تبلیغی اجتما ع کے دوسرے مرحلہ میں مولانا ابراہیم دیولہ، مولانا زبیر الحسن،مولانا حاجی ربیع الحق، مولانا فاروق جان نے اپنے خطابات میں کہا کہ اللہ تعالی نے انسان کو خود مختار بنا کر اپنی عبادت کیلئے پیدا کیا ،کہ یہ میری مانتا ہے یا غیروں کی پیروی کرتا ہے، اگر میری مان کر چلے گا تو راحت ہی راحت ملے گی اگر غیروں کی تقلید کی تو دنیا اور آخرت میں ناکام ہو گا،پاکستان کے لوگ پیسہ کمانے کیلئے باہر غیر ملکوں کا رخ کرتے ہیں جبکہ پورے دنیا کے لوگ دین سیکھنے کیلئے یہاں را ئیوبڈ آتے ہیں ہم اس پر غور کریں،دعوت تبلیغ ایک عظیم الشان کام ہے،اللہ کا پیغام نہ پھیلایا توقیامت کے دن ہمارے پاس کوئی حجت نہ ہوگی سارے دنیا کے انسان جہنم سے بچ جائیں اور جنت والے بن جائیں، مولانا الیاس ؒ کی فکر سےپوری دنیامیں لوگوں کا اسلام میں داخل ہو نے کا سلسلہ جاری ہے ،پوری دنیا میں تبلیغی بھائی اللہ پاک کے راستے میں چل رہے ہیں ، حدیث پاک کا مفہوم ہے آپؐ ارشاد فرماتے ہیں اے علیؓ اگر آپ کی وجہ سے ایک شخص کو اللہ پاک ہدایت کریں تو آپ کیلئے سرخ اونٹوں سے زیادہ بہتر ہے اللہ ہم سب کو اس مبارک محنت کیلئے قبول فرمائے آمین،انہوں نے کہا کہ تبلیغی اجتماع کا مقصد اپنا وقت سرمایہ اور مسافت برداشت کرنا نہیں نام کے مسلمانوں کو پکا مسلمان اور اللہ کے حضور پانچ وقت جھکنے والا مسلمان بنانا ہے، قبر اندھیر کوٹھڑی ہے، اس کیلئے روشنی نماز کو ساتھ لے کر جانا ہے، آؤ اللہ کا دروازہ کھلا ہے توبہ کر کے دین والوں میں شامل ہوجاؤ،دین بنیادی ضرورت ہے، دین متین کو سیکھنے اور ساری امت کو نیک راستے پر لانے میں دن رات شہر شہر گلی گلی اللہ کا پیغام پہنچانے میں مشغول رہنے والوں کی اللہ رب العزت قربانیوں کو قبول فرمائے ، ہدایت کا ذریعہ بننے والوں کیلئے اللہ تعالی کا پیغام ہے کہ یہ نبیوں اور پیغمبروں کا راستہ ہے، اس کو مضبوطی سے تھام لو اسی میں ہم سب کی نجات ہے ۔