پی ٹی آئی احتجاجی ڈراموں کا مقصد اڈیالہ کے قیدی کو معافی دلانا ہے،عظمیٰ بخاری

10 نومبر ، 2024

لاہور( این این آئی)وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پی ٹی ائی کے احتجاجی ڈراموں کا مقصد اڈیالہ کے قیدی کو معافی دلانا ہے، جو ان کو کبھی نہیں ملے گی۔ʼʼامریکہ سے چھین کر آزادی لینے والےʼʼٹرمپ کی غلامی کے لئے مرے جا رہے ہیں۔ اڈیالہ جیل کا قیدی ذاتی فائدے کیلئے ہر کسی کے پائوں پکڑنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہتا ہے۔ عظمی بخاری نے کہا کہ فتنہ پارٹی کے پی میں جلسہ جلسہ کھیلے یا جلسے میں ایک ہزار یا پانچ ہزار فی کس دیہاڑی پر بندے لائے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔ صوابی جلسے میں حسب روایت میونسپل عملہ، ریسکیو اور پولیس اہلکاروں کو سادہ کپڑے میں لایا گیا۔ جلسہ گاہ میں ہی تمام سرکاری ملازمین کی حاضریاں لگیں۔ وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی خیبرپختونوں کی فلاح و بہبود پر خرچ ہونے والے وفاق کے دیے فنڈز احتجاج اور جلسوں کی نظر کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی کل ہی گنڈا پور نے رہا ہونے والے پارٹی کارکنوں میں ہزار ہزار کے نوٹ تقسیم کئے، کم ادائیگی پر جسکا باقاعدہ گلہ بھی کیا گیا ہے۔ جن کو پانچ پانچ ہزار دیہاڑی کی لت پڑی ہو وہ ایک ہزار روپیہ ملنے پر شکوے شکایات تو کریں گے۔