ایک ماہ میں26ہزار غیرقانونی مقیم افغان مہاجرین وطن واپس چلے گئے

10 نومبر ، 2024

جمرود (نمائندہ جنگ) پاکستان میں غیر قانونی طور پر رہنے والے افغان مہاجرین کی وطن واپسی کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور گزشتہ ایک مہینے کے دوران پاکستان کے مختلف علاقوں سے26ہزار540ایسے افغان مہاجرین اپنے ملک افغانستان واپس چلے گئے ہیں جو یہاں غیر قانونی طور پر رہتے تھے ۔یو این ایچ سی آر کے کہنے کے مطابق مذکورہ مہاجرین پاک افغان بارڈر طورخم اور سپین بولدک کے راستوں اپنے اپنے علاقوں کو واپس چلے گئے ہیں جو 710 مختلف گاڑیوں میں سوار تھے ،یہ مہاجرین 760 خاندان پر مشتمل تھے جن میں 9005 مرد اور 10430 بچے اور دیگر خواتین تھیں۔ یو این ایچ سی آر کی رپورٹ کے مطابق جب سے پاکستان نے اپنے ملک سے غیر قانونی طور پر رہنے والے افغان مہاجرین کو ملک بدر کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے تو اب تک پاکستان سے ایسے 7 لاکھ 99 ہزار 208 افغان مہاجرین اپنے وطن واپس چلے گئے ہیں جو پاکستان میں گزشتہ کئی سالوں سے غیر قانونی طور پر رہائش پذیر تھے۔